میں آپ کا لخت جگر ہوں، اس لیے۔۔۔

بشیر احمد (ڈیرہ غازی خان)

جب میں کوئی اچھا کام کروں تو مجھے شاباش ضرور دیں۔ اس سے میری حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور خوشی کا احساس ہوتا ہے۔

مجھ میں ایسی مہارتیں پیدا کریں جو تا حیات میرے ساتھ رہیں۔ مجھے ایسا حوصلہ دیں کہ میں آپ پر فخر کر وں اور تحفظ محسوس کروں۔ آپ ایسے اعمال سر انجام دیں  کہ میں آپ کو اپنا آئیڈیل تصور کروں۔

 میری فیملی میں ایسی سرگرمیاں ہوں جن سے میں ہر فیملی ممبر کی قربت محسوس کروں۔

مسجد میں مجھے اپنے ساتھ لے جائیں، نماز پڑھنا، نماز کے بعد ایک دوسرے کا حال احوال دریافت کرنا اور لوگوں سے ہاتھ ملانا مجھے اچھا لگتا ہے۔

 اپنے وعدے کا پاس کریں کیوں کہ جب آپ  کسی اچھے کام کرنے پر انعام دینے کا وعدہ کرتے ہیں مگر نہیں دیتے  تو میری نظروں میں آپ با اصول نہیں رہتے۔

 میرے ایمان اور صحت و سلامتی کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے رہیں، اس سے میں اپنے آپ کو خوش قسمت اور محفوظ تصور کرتا ہوں۔

 کبھی کبھی میرے لیے کھانے کی چیز وافر مقدار میں ضرور لائیں اور مجھے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر کھانے کا موقع دیں۔ اس سے مجھ میں وسعت قلبی، اخوت اور محبت کا احساس پیداہوتا ہے۔

عشا کی نماز کے بعد مجھے سو جانے کا موقع دیں اور صبح جلدی بیدار کر دیا کریں۔ کیوں کہ جب میں نیند پوری کر کے اٹھتا ہوں تو دن بھر ہشاش بشاش رہتا ہوں اور دل لگا کر کام کرنے کو  جی چاہتا ہے۔ مگر جس دن تاخیر سے سونے کا موقع ملے تو اگلے دن بوریت سی ہوتی ہے۔ کسی کام کو جی نہیں چاہتا

اس بات کا دھیان رکھیں کہ موبائل فون، کمپیوٹر اور وڈیوو گیم وغیرہ میری اخلاقی اور جسمانی صحت کو خراب نہ کرنے پائیں۔

شیئر کریں
655
6