پیارے بچو! عیسوی سال 2022ء میں روشنی میگزین کا پہلا اور مجموعی طور پر پانچواں شمارہ حاضر خدمت ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ رسالہ آپ کے ادبی شعور کو نکھارنے اور آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے میں معاون ثابت ہو رہا ہو گا۔

یہ جنوری کا مہینہ ہے، سال کا سب سے پہلا مہینہ۔ اس بار جاگو جگاؤ میں کچھ علمی بات کیلنڈر کے بارے میں ہو جائے تاکہ ہمارے طلبہ کی معلومات میں اضافہ ہو۔

قدیم مصری قوم نے دریائے نیل کے چڑھنے، اترنے اور شعریٰ یمانی نام کے ایک ستارے (جس کا ذکر سورۃ نجم میں بھی ہے) کے ہر سال ٹھیک وقت پر طلوع ہونے سے حساب لگا کر اور بغور مشاہدہ کر کے 4241 سال قبل مسیح پہلا کیلنڈر ترتیب دیا تھا۔ یہ کیلنڈر شمسی اور قمری سالوں کو ملا کر بنایا گیا تھا۔ 753 سال قبل مسیح میں رومن کیلنڈر رائج ہوا۔ یہ صرف دس مہینوں پر مشتمل تھا۔ مارچ پہلا اور دسمبر دسواں مہینہ تھا۔ اس سال میں 304 دن ہوتے تھے۔ اس میں جنوری اور فروری کا اضافہ بعد میں ہوا اور جنوری کو پہلا مہینہ مان لیا گیا۔ 46 سال قبل مسیح میں ایک رومی بادشاہ جولیس سیزر نے ایک مصری ماہر فلکیات سوسی جینز سے ایک شمسی کیلنڈر تیار کروایا، جو 365 دنوں پر مشتمل تھا۔ یہ جولین کیلنڈر کہلایا۔ اس کے بعد 1582ء میں ایک رومی بادشاہ پوپ گریگوری نے جولین کیلنڈر میں موجود خامیاں دور کر کے اپنے نام سے گریگورین کیلنڈر نافذ کیا، یہی ہمارا موجودہ شمسی کیلنڈر ہے۔

یہ تو تھا کیلنڈر کا مختصر تعارف۔ اب ہم جنوری کے مہینے میں پیدا ہونے والی اس عظیم ہستی کا ذکر کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے ہر بچے کے ہاتھ میں کتاب اور قلم تھمانے کو اپنا مقصد حیات سمجھا۔ 9 جنوری طب مشرق کو عزت و رفعت عطا کرنے والے عظیم پاکستانی،  ممتاز سیاح،  نامور ادیب،  مدینۃ الحکمت کے بانی،  ملک کے اہل دانش کو ہمدرد شوریٰ کے دھاگے میں یکجا کرنے والے معروف دانش ور،  ماہ نامہ نونہال کے بانی مدیر، سابق گورنر سندھ جناب حکیم محمد سعید کی یوم ولادت ہے۔ ماہ نامہ نونہال میں حکیم صاحب  اپنے ایک مختصرمضمون، جاگو جگاؤ کے ذریعے  نونہالان وطن کی اخلاقی تربیت کا اہتمام کرتے تھے۔ ان کی اسی قابل تقلید روایت کی یاد میں ہم نے بھی روشنی میگزین کے اداریہ کو جاگو جگاؤ کا عنوان دیا، جب کہ موجودہ شمارے کو بھی ہم اسی نادر روزگار شخصیت سے منسوب کر رہے ہیں۔

ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اور پاکستان کو محفوظ رکھے اور ہمیں حکیم محمد سعید کی طرح پاکستان کی ترقی، خوش حالی اور امن کے لیے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

خوش رہیں، خوشیاں  بانٹیں۔ پڑھیں اور پڑھائیں۔ علم اور کامیابی کی روشنی آپ کا مقدر بنے۔

شیئر کریں
160