پیارے بچو! روشنی میگزین کا چوتھا شمارہ پیش خدمت ہے۔ عیسوی سال کے لحاظ سے یہ دسمبر کا مہینہ ہے۔ اسی مہینے کی 25 تاریخ کو ہمیں ایک آزاد وطن بنا کر دینے والے عظیم رہنما قائد اعظم محمد علی جناحؒ پیدا ہوئے تھے۔ قائد اعظمؒ بڑے اور سچے رہنما تھے۔ ان کو نوجوان نسل سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیں۔ وہ چاہتے تھے کہ نوجوان دل لگا کر پڑھیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کریں تاکہ پاکستان کو ترقی دے سکیں۔

ہمارے قائدؒ ہر شخص کو محنت سے کام کرنے کی ہدایت کرتے تھے۔ ‘کام، کام اور بس کام’ کے الفاظ سنتے یا پڑھتے ہی ذہن میں قائد اعظمؒ کی تصویر آ جاتی ہے۔ ‘ایمان ، اتحاد اور تنظیم’ کے الفاظ میں قائد اعظمؒ نے پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راستہ بتایا۔ قائد اعظمؒ نے بڑی وضاحت سے کئی بار فرمایا کہ پاکستان کی قومی زبان اردو اور صرف اردو ہو گی۔ انہوں نے طلبہ سے کہا تھا کہ ‘آپ مطالعہ کریں، غور و فکر کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں’۔

قائد اعظمؒ کے فرمودات کی روشنی میں محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب قومی زبان اردو کے فروغ اور نئی نسل میں مطالعہ کی روایت کو زندہ کرنے کے لیے بھرپور کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے، روشنی میگزین کا اجراء  بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ دسمبر کے اس شمارے میں دل چسپ کہانیاں، آپ بیتیاں، نظمیں اور دوسرے سلسلے  پڑھیے اور اپنی رائے سے آگاہ کیجیے۔ روشنی میگزین کو مزید بہتر بنانے کے لیے آپ کی تجاویز، آراء اور تحریروں کا انتظار رہے گا۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنے مقاصد میں کامیاب کرے اور وطن عزیز کو ترقی عطا کرے۔ 

خوش رہیں، خوشیاں  بانٹیں۔ پڑھیں اور پڑھائیں۔ علم اور کامیابی کی روشنی آپ کا مقدر بنے۔

شیئر کریں
160