حیات سعید: شہید پاکستان حکیم محمد سعید کی مستند سوانح حیات

تحریر: نعیم احمد ناز

نونہالان پاکستان کے لئے جناب حکیم محمد سعید کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔ حکیم صاحب نہ صرف  ایک مایہ ناز حکیم تھے بلکہ مملکتِ پاکستان کے باسیوں کے لئے ایک عظیم مصلح بھی تھے۔ آپ نے مذہب، طب و حکمت اور بچوں کے ادب پر بے شمار کتب تصنیف و تالیف کیں۔ آپ کا قائم کردہ ادارہ ہمدرد پاکستان آج بھی اپنی ساکھ کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ حکیم محمد سعید  نے ہی بچوں کے معروف رسالے ہمدرد نونہال کا اجراء کیا جو اطفالِ وطن کی  تعلیم و تربیت میں اب بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

شہید حکیم محمد سعید ایک فرد نہیں ایک عہد، ایک ادارہ اور ایک انجمن تھے،ان کی خدمات تعمیر پاکستان کے ہر شعبے پر محیط ہیں، جن کی بنا پر وہ سر سید احمد خان، علامہ محمد اقبال اور قائداعظم کے بعد رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان  کی علمی و طبی خدمات اور شخصیت پر بہت کچھ لکھا جا چکا ہے تاہم ان کی مستند اور مفصل سوانح حیات کی کمی ہمیشہ سے محسوس کی جاتی رہی ہے۔ اُردو کے اہم محقق، مترجم، مدیر، دانش ور، صحافی اور ڈھائی سو سے زیادہ کتابوں کے مصنف، مؤلف اور مترجم ستاہر طاہر نے حکیم محمد سعید صاحب کی زندگی میں ہی حکیم صاحب، ان کے معاونین، دوست و احباب  اور بھارت میں مقیم ان کے بڑے بھائی حکیم عبدالحمید سے بالمشافہ ملاقاتوں کے تناظر میں بھر پور تحقیق اور مستند معلومات کے بعد  ‘حیات سعید’ کے نام سے ایک مفصل کتاب تحریر کی تھی، جسے حکیم محمد سعید نے خود بھی پسندیدگی کی سند بخشی۔

  مصنف نے 1985ء میں ایک خط کے ذریعے حکیم محمد سعید سے یہ کتاب لکھنے کی اجازت طلب کی تھی، انہیں زیر تبصرہ کتاب کا مواد جمع کرنے میں تین سال کا عرصہ لگا، مصنف کے مطابق کتاب میں شامل کسی ایک بھی واقعے کی تفصیل ایسی نہیں ہے جو من گھڑت  ہو۔

تین دہائیاں قبل ادارہ مطبوعات حرمت کے زیراہتمام شائع ہونے والی یہ کتاب عرصہ دراز سے کمیاب تھی۔ تاہم پاکستان میں نایاب کتابوں کوخوب صورتی کے ساتھ شائع  کر کے ان کو نئی زندگی دینے والے راشد اشرف کو ‘حیات سعید’ کی دوبارہ اشاعت کا خیال آیا اور انہوں نے ‘زندہ کتابیں’ کے سلسلے میں حکیم محمد سعید کی اس نایاب سوانح حیات کو حکیم صاحب کی شہادت اور دیگر اہم واقعات کے ضروری اضافے کے ساتھ اپنے اشاعتی ادارے اٹلانٹس پبلی کیشنز کراچی کے زیر اہتمام دوبارہ شائع کیا۔

کتاب کے آغاز میں راشد اشرف نے حکیم محمد سعید اور ان کی سوانح عمری کے حوالے سے ‘چند باتیں’ لکھی ہیں جب کہ اس کا پیش  لفظ ملک کے ممتاز ماہر  قانون ایس ایم ظفر نے تحریر کیا، کتاب کے مصنف ستار طاہر نے ‘معروضات’ کے عنوان سے کتاب کی اشاعت اور اس سلسلے میں کی جانے والی  اپنی کاوشوں کے پس منظر پر روشنی ڈالی۔ مصنف نے حکیم محمد سعید کی سوانح حیات کے لیے خوب صورت طرز نگارش اختیار کرتے ہوئے ہر باب میں باقاعدہ عنوانات کے ذریعے حکیم صاحب اور ان کے خاندان کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں اور ہر باب کے آغاز پر کسی دانش ور کا اس سے متعلق قول درج کیا ہے۔

مصنف نے ‘حیات سعید ‘ میں حکیم محمد سعید کی زندگی کے ہر ہر پہلو کو اجاگر کیا ہے، کتاب کے آخر میں حکیم محمد سعید کی شہادت اور ان کی شخصیت کے بارے میں ملک کی ممتاز شخصیات کے تاثرات دیے گئے ہیں۔ 350 صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت  محض 600 روپے رکھی گئی ہے، راشد اشرف اور ڈاکٹر  پرویز حیدر اس گراں قدر کتاب کی اشاعت پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔

شیئر کریں
118
1