دلیل کبریا بن کر حضورﷺ  آئے، حضور  ﷺآئے

بہار جانفزاء بن کر حضور ﷺ آئے، حضورﷺ  آئے

نہ گھبراؤ گناہ گارو، ملے گا چین بیمارو

غم دل کی دوا بن کر حضورﷺ آئے، حضور ﷺآئے

خوشی کے پھول برساؤ سلامی کے لیے آؤ

ہمارا آسرا بن کر حضور ﷺآئے، حضور ﷺآئے

ہے رحمت ہر طرف چھائی، گناہ گاروں کی بن آئی
کرم بن کر وفا بن کر حضورﷺ آئے، حضورﷺ آئے

ہے نغمہ آج رحمت کا، سجا کر تاج رحمت کا
نگارِ انبیاء بن کر حضور ﷺآئے، حضور ﷺآئے

نبی آئے غلامی کو جھکے تارے سلامی کو
رسالت کی ضیاء بن کر حضورﷺ آئے، حضورﷺ آئے

سجا کے دل کے دامن کو پڑھیں گے نعت ہم صائم

کرم کی انتہا بن کر حضورﷺ آئے،  حضورﷺ آئے

(علامہ صائم چشتی)

شیئر کریں
187