ساجدہ نظر (ملتان)
یہ امر روز روشن کی طرح واضح ہے کہ طلباء و طالبات کسی بھی قوم کا سرمایہ اور مستقبل کے امین ہوتے ہیں۔ معاشرے کی ترقی کا دار و مدار طلبہ کے کلیدی کردارپر منحصر ہوتا ہے، اس لیے کسی بھی صورت قوم و ملک کی ترقی میں طلبہ کے تعمیری کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تدریسی عمل کے ساتھ ساتھ عملی زندگی کے مختلف مراحل میں اپنا کردار ادا کرنے اور زندگی کے ہر میدان میں قوم کا فخر بلند کرنے کے لیے اُن کی کردار سازی اس انداز سے کی جائے کہ مستقبل میں قوم کی بہتر انداز میں قیادت کر سکیں، ان میں شہریت کے شعور کی پختگی، سیاسی بیداری اور جمہوری طرز فکر کا فروغ اور قومی اتحاد کا احساس اجاگر ہو سکے اور وہ آنے والے دنوں میں اچھے قائد اور ایمان دار منتظم بن سکیں۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے طلبہ سے اپنے خطاب میں انہیں “آتش شباب” کا نام دیتے ہوئے فرمایا تھا کہ “آتش شباب (طلبہ) اور سوزیقین کا امتزاج ہونے دیجیے، اس سے ہماری قومی زندگی کا شعلہ فروزاں ہو گا اور نئی دنیا تخلیق ہوگی۔
مورخہ 3 نومبر 2021ء کو سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام خطے کے تمام ایلیمنٹری اور سکینڈری سکولوں میں سٹوڈنٹ کونسل کے انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، ان انتخابات کے نتیجے میں ہر سکول کے طلباء و طالبات سے صدر، نائب صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ اُن کو اُن کی ذمہ داریوں سے نہ صرف روشناس کرایا گیا بلکہ منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی باقاعدہ تقریب 30 نومبر کو گورنمنٹ کمپری ہینسیو بوائز ہائیر سکینڈری سکول ملتان میں منعقد ہوئی۔ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور کے زیر صدارت منعقدہ تقریب حلف برداری کے مہمان خصوصی ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر تھے۔ حلف برداری کی تقریب کو ویڈیو لنک کے ذریعے براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کی ہر تحصیل میں تقریب حلف برداری منعقد کر کے منتخب عہدیدار طلبا و طالبات سے حلف لیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعد ازاں نعت رسول مقبول پیش کی گئی، اس کے بعد صدر، نائب صدر اور جنرل سیکرٹری طلباوطالبات نے حلف اٹھایا۔ حلف نامہ کی عبارت مندرجہ ذیل ہے۔
میں عہد کرتا ہوں کہ
میں پورا اتروں گا، ان توقعات پر جو میرے میرے ساتھیوں نے مجھ سے وابستہ کی ہیں۔
میں اپنے سب ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلوں گا اور انتخابات کی کسی تلخی، کسی کدورت کو دل میں جگہ نہ دوں گا۔
اختلاف رائے کا احترام کروں گا۔
مشاورت سے کام لوں گا۔
میں ایک طرف سکول انتظامیہ کا دست و بازو بنوں گاتو دوسری طرف اپنے ساتھیوں کی نمائندگی کا حق ادا کروں گا۔
میں اپنی مادر علمی کے تقدس کا محافظ بنوں گا۔
نظم وضبط کو قائم رکھنے میں اساتذہ کی نیابت کروں گا۔
میں نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنوں گا۔
پاس دار بنوں گا ہر اچھی بات کا۔
میں عملی نمونہ بنوں گا ہر اچھی بات کا۔
وہ کروں گا جو درست اور راست ہو گا۔
اس سے بچوں گاجو غلط اور مشتبہ ہو گا۔
خدا ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین
ملک جہانگیر احمد انصاری نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر رانا اسلم انجم، نعیم اقبال، مسز فہیم اختر اور نورین منور سمیت دیگر اساتذہ کرام منتخب طلباء وطالبات کی رہنمائی کے لیے سٹیج پر موجود رہے۔ تقریب کے آخر میں منتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور یک زبان ہو کر قومی ترانہ گایا گیا اور یوں یہ باوقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔