عمارہ رباب (خانیوال)
احسان کے عمومی معنی کسی کے ساتھ نیکی اور بھلائی کرنے کے ہیں لیکن آج ہم اس کے بنیادی معنی جانیں گے۔ احسان عربی زبان کے لفظ حسن سے نکلا ہے جس کا معنی ہے خوب صورت،حسین، درجہء کمال تک۔ دوسرے لفظوں میں وہ کام جسے بہترین طریقے سے سرانجام دیا جائے احسان کہلاتا ہے اور وہ لوگ جو ہمیشہ ہر کام کو درجہءکمال تک لے جا کر کرتے ہیں وہ محسنین کہلاتے ہیں۔ قرآن مجید کی سورۃ لقمان میں اللہ تعالیٰ نے وعدہ کیا ہے: ہدایت اور رحمت ہے محسنین کے لیے۔ یعنی اگر آپ اپنے ہر کام بالخصوص اپنےفرائض کو ہمیشگی کے ساتھ بہترین طریقے سے سرانجام دیتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کی رحمت کے مستحق ٹھہرتے ہیں۔ آئیے مل کے عہد کرتے ہیں کہ اپنے فرائض کو اتنی خوب صورتی سے سر انجام دیں گے کہ یہی ہماری ذات کی پہچان بن جائے۔