کامیاب زندگی کے اہم اصول

ڈاکٹر احسان قادر گوندل(مظفرگڑھ)

کامیاب زندگی گزارنے کا کوئی خاص فارمولا نہیں ہےمگر کامیابی کے لیے جہاں انسان کے حالات کا اہم کردار ہے وہیں اس کے اندر کچھ اچھی عادات کا ہونا بھی ضروری ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق انسان کی کامیابی کا دارومدار اس کی عادات پر ہوتا ہے۔ ذیل میں بیان کی گئی چند عادات کو اپنا کر انسان کامیابی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔

نظم و ضبط کی پابندی کرنا: زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے نظم و ضبط کے اصولوں کی پابندی اور منصوبہ بندی کامیاب لوگوں کا شیوہ ہے ۔ اس لیے انسان کےلیےبے حد اہم ہے کہ وہ اپنی زندگی نظم و ضبط کے اصولوں کے مطابق گزارے۔

صحت کی حفاظت: صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے کہ روز مرہ کے معمول میں جسمانی سرگرمیوں جیسا کہ چہل قدمی اور ورزش وغیرہ کو شامل کیا جائے۔

مطالعہ کرنا: مطالعہ کی عادت اپنا کر انسان اپنی ذات کو بہتر اور زندگی کو با مقصد بنا سکتا ہے۔ اس سے صلاحتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے اور ذہن بیدار ہوتا ہے۔

مثبت سوچ: ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق مثبت سوچ کے حامل افراد زیادہ با اعتماداور پر امید ہوتے ہیں۔وہ اپنے مقاصد کے حصول میں آنے والی رکاوٹوں کا سامنا کرنے میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔

مضبوط قوت ارادی: مضبوط فیصلہ سازی سے انسان کی شخصیت مضبوط ہوتی ہے اور اس میں رہنمائی کرنے کی خصوصیت پیداہوتی ہے۔

اچھی صحبت: حضرت محمد ﷺ  کا فرمان عالی شان ہے کہ آدمی اپنے دوست کی روش پر ہوتا ہے لہٰذا تم میں سے ہر ایک کو یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ کس سے دوستی کر رہا ہے۔ چونکہ صحبت کا انسان کے اخلاق و عادات پر گہرا اثر ہوتا ہے اسی لیے ہمیشہ اچھے اور کامیاب لوگوں کی صحبت اختیار کرنی چاہیے۔

مسلسل محنت: زندگی میں کامیابی کا راز مسلسل محنت کرنا اور مستقل مزاجی سے اپنے مقصد پر ڈٹے رہنا ہے۔انسان کو اپنے مقصد کے حصول کے دوران مشکلات سے ہارنا نہیں چاہیے بلکہ ان کا سامنا کر کے اپنی منزل پہ پہنچنا چاہیے۔

شیئر کریں
280
1