کوشش سے کامیابی ممکن ہے

ایمان فاطمہ  (بہاول نگر)

رابرٹ بروس سکاٹ لینڈ کا بادشاہ تھا۔ وہ اپنے ملک کی آزادی کے لیے انگریزوں کے خلاف جنگوں میں مصروف تھا۔ وہ بار بار کوشش کے باوجود جنگ ہار جاتا۔ ایک دن وہ میدان جنگ سے بھاگا اور ایک غار میں جا چھپا۔ وہ تقریبا مایوس ہو چکا تھا۔ اس نے سوچا کہ میں نے اپنی ساری کوششیں مکمل کر لی ہیں۔ میں شاید انگریزوں کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتا۔ اب میرا ملک کبھی آزاد نہیں ہو سکے گا۔ یہ سوچتے ہوئے اس کی آنکھوں سے  آنسو بہنے لگے۔ اسی دوران اس کی نظر غار میں موجود ایک مکڑی پر پڑی جو اپنے جالے میں پہنچنے کی کوشش کر رہی تھی۔ جیسے ہی وہ اپنے جالے میں پہنچی، پھسل کر نیچے جا گری۔ اس نے دوبارہ چڑھنا شروع کر دیا مگر پھر گر پڑی۔ مکڑی بار بار چڑھتی، گرتی اور پھر چڑھنا شروع کر دیتی۔ آخر کار اپنی نویں کوشش میں وہ اپنے جالے میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔ یہ دیکھ کر رابرٹ بروس چلا اٹھا: میں سمجھ گیا پیاری مکڑی! میں سمجھ گیا۔ بار بار کوشش میں ہی کامیابی ہے۔ وہ غار سے نکلا اور اپنی بچی کھچی فوج کو دوبارہ جمع کر کے منظم کیا اور پھر انگریزوں پر بھرپور حملہ کر دیا۔ اس دفعہ کامیابی نے اس کے قدم چومے اور اس نے اپنے وطن کو آزاد کروا لیا۔ پیارے بچو! اس کہانی سے یہ نتیجہ اخذ ہوتا ہے کہ ہمیں وقتی ناکامیوں سے دلبرداشتہ ہونے کی بجائے ہمت اور حوصلے سے کام لینا چاہیئے اور بار بار کوشش کرنی چاہیئے۔

شیئر کریں
4673
104