نازیہ زریں (بہاول پور)
محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیراہتمام سٹوڈنٹ کونسلوں کے نومنتخب صدور میں لیڈرشپ سکلز پیدا کرنے، نظم و ضبط کے حصول، اعلیٰ معیار کے اہداف اور تعلیمی کارکردگی کو پرکھنے سمیت دیگر معاملات پر آگہی فراہم کرنے کے لیے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کی تمام تحصیلوں کے بوائز ایلیمنٹری و سکینڈری سکولوں کے 60 نومنتخب صدور کوملتان کے ایک نجی ہوٹل میں 26 ستمبر سے 28 ستمبر2022ء تک ٹریننگ دی گئی، جب کہ گرلز ایلیمنٹری و سکینڈری سکولوں کی سٹوڈنٹ کونسلوں کی نومنتخب صدور کی ٹریننگ 30 ستمبر سے 2 اکتوبر تک جاری رہی۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ایف پی اے کی معاونت سے ماسٹر ٹرینرز نے تربیتی امور سرانجام دیے۔ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹ کونسلوں کی تشکیل سے طلباء و طالبات کو فیصلہ سازی میں مدد اور انتظامی عاملات پر دسترس حاصل ہو گی۔ جمہوری اقدار سے متعارف کرانے اور ہم نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت یقینی بنانے کے لیے سٹوڈنٹ کونسلیں ممد و معاون ثابت ہوں گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) پرویز اقبال، ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن شوکت شیروانی اور سی ای او ایجوکیشن ملتان شمشیر احمد خان سمیت تعلیمی افسران، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ سٹوڈنٹ کونسلوں کی نومنتخب صدور تعلیم پر پورا دھیان دیں اور اپنے آپ کو عمل کے لیے تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹ کونسلوں کی نو منتخب صدور کو ٹریننگ دینے کا مقصد ان میں فیصلہ سازی، انتظامی معاملات سے آگاہی، نظم و ضبط اور ان میں لیڈر شپ سکلز پیدا کرنے کے حوالے سے سوچ کو تحریک دینا ہے۔