حضور اکرم ﷺ کے اوصاف حمیدہ

برکت علی برمانی (ڈیرہ غازی خان)

حضور اقدسﷺ کا فرمان عالی شان ہے کہ مجھے اعلیٰ اخلاق اور نیکو ترین اعمال کی تکمیل کے لیے بھیجا گیا ہے۔ وہ نبیﷺ جو سراپا رحمت ہو اس کے اوصاف حمیدہ کے کیا کہنے۔ صدق و صفا جس کی کائنات ہو، علم و یقین جس کے خزانے ہوں، خدا رسانی جس کا نصب العین ہو، صحف انبیا جس کے فضائل کی تمہید ہو، کتب آسمانی جس کے فضائل کا لافانی مجموعہ ہو، انبیا جس کے انوار عمل کا منارہ ہوں، خاتم الانبیا جس کا طرہ امتیاز ہو، توحید حقا کی آغوش جس کے حسن عمل کا گہوارہ ہو، جس کی دہلیز پر فرشتوں کی دربانی ہو، خلق عظیم کا حصار ہو، ہیبت موسیٰ کا پہرہ ہو، طریقت عیسیٰ کا جادہ ہو، باب مدینۃ العلم کا دروازہ ہو، دریوزہ عصت پر تطہیر کی چلمن لٹکی ہو، رسالت کی اینٹوں پر عصمت و طہارت کا پلستر ہو۔ دروازہ عصمت پر فی بیوت اذن اللہ کا طغریٰ لٹکا ہو۔ ملائکہ جس کی محفل کا انتظام کریں اور نبی جھک کر  سلام کریں۔ آج مظلوم انسانیت جبر و استبداد کے پنجے میں جکڑی دم توڑ رہی ہے۔ خواہشات نفس کی بے جا طوالت نے انسان کو ایسی دلدل میں پھنسا دیا ہے کہ وہ اس سے نکلنے کی بجائے اس میں اور زیادہ دھنستا چلا جا رہا ہے۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ حضورﷺ کی سیرت پاک پر عمل کریں تاکہ فسق و فجور کی تاریکیاں چھٹ جائیں۔

شیئر کریں
136
0