الینہ خان  (لودھراں)

جماعت نہم کے حالیہ نتائج کے باعث آج کل طلباء و طالبات بہت زیادہ پریشانی کا شکار ہیں۔ کورونا کی وجہ سے پیدا شدہ تعلیمی بحران اس کی ایک بڑی وجہ رہا ہے۔ میں ان تمام طلبہ سے کہوں گی کہ اگر آپ کامیابی چاہتے ہیں تو سب سے پہلے خود احتسابی سے کام لیں۔ اپنے آپ کو پہچانیں۔ جب آپ رازِ خودی جان لیں گے تو منزلیں  خود بخود آپ کی تلاش شروع کر دیں گی۔ آپ اپنی کمزوریاں کسی کے ہاتھ میں نہ دیں۔ اپنے اور دوسروں کے ساتھ مخلص رہیں اور تنقید کی وجہ سے احساسِ کمتری کا شکار ہونے کی بجائے اس تنقید کو اپنی طاقت بنائیں۔ اپنے آپ کو یقین دلائیں کہ جی! ہم کر سکتے  ہیں۔ اور اس یقین میں خدشات کا سایہ بھی نہ پڑے۔ اپنے خواب اونچے کر لیں۔ محنت کریں اور اللہ تعالیٰ سے ان خوابوں کی تعبیر مانگتے وقت یہ خیال نہ کریں کہ آپ کی اوقات کیا ہے؟ آپ کے حالات کیا ہیں؟ بلکہ یہ سوچ کر مانگیں (خواب دیکھیں) کہ دینے والی ذات بہت بڑی ہے۔ اور ایک بات ہمیشہ ذہن میں رکھیے گا وہ (اللہ) دینے سے پہلے آزمائے گا، بالکل اسی طرح جس طرح جب ماں اپنے بچے کو چلنا سکھا رہی ہوتی ہے تو اس کے ہاتھ چھوڑ کر اور اپنی بانہیں پھیلا کے کچھ فاصلے پر کھڑی ہو کے مسکراتی ہے اور چاہتی ہے کہ میرا بچہ پہلا قدم  اپنی طاقت سے اٹھائے۔ پھر جب بچہ آگے بڑھتا ہے اور گرنے لگتا ہے تو ماں اسے اپنے دونوں ہاتھوں سے تھام کے سینے سے لگاتی ہے اور بوسہ دیتی ہے۔ نتیجتاََ آپ  چلنا سیکھ چکے ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ بھی ایسا ہی کرتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ انسان ابتدا تو کرے، کنارے میں پہنچاؤں گا۔

شیئر کریں
138