مظہر رب العلیٰ، منبع جودو سخا
محور وقبلہء من ، سید ارض و سما
آپ سے ہے دم میں دم، آ پ ہیں روح جہاں
ظلمتوں میں آپ سےہی چارسو پھیلی ضیاء
آپ کےچہرے سے تاباں ہیں مرے قلب و نظر
آپ کی یادوں سے ملتی ہے تخیل کو جلا
وحشتوں کی دھوپ میں سایہ فگن رحمت تری
زندگی کی راہ میں تو دست گیر و رہنما
میں سوالی امتی بھی اور ترے در کی کنیز
کتنے رشتےہیں مرے تجھ سےاے میرےناخدا
میرےجتنےعیب ہیں، میں ہی سبب، میں ہی وجہ
گر کوئی بھی وصف ہے ، تیرا کرم، تیری عطا
تیرے آ نے سےگرےبت، ظلم کے بادل چھٹے
ذرہ ذرہ کہہ اٹھا صل علی صد مرحبا