کچرا کہاں پھینکیں؟

عمارہ شفیق ملک (اوچ شریف)

آپا! کیوں نہ آج پارک میں جائیں، موڈ بھی فریش ہو جائے گا۔ اقراء نے اپنی بڑی بہن سے پوچھا۔

ہاں، کیوں نہیں۔ میں اقصیٰ کو بھی بلالیتی ہوں۔ ویسے بھی ابو تو کاروباری دورے پر شہر سے باہر  گئے ہیں، امی آسانی سے اجازت دے دیں گی۔ نمرہ نے فون ملا کر اقصیٰ کو جو کہ ان کی کزن اور بہت اچھی دوست تھی بلایا ۔ ہاں اقصیٰ! تم ہمارے گھر  آ جاؤ، ہم یہاں سے پارک جائیں گے، ویسے بھی موسم بڑا پیارا ہے۔  نمرہ نے کہا۔ اقصیٰ نے فوراً ہامی بھرلی۔

وہ جب پارک پہنچیں تو بچوں اور خواتین کا بہت زیادہ رش تھا۔ اس کی  ایک وجہ تو یہ  تھی کہ آج اتوار تھا۔ آپا! یہاں کچرا کتنا ہے۔ اقراء نے حیرانی سے اردگرد دیکھا۔

ہاں! ایسی جگہوں پر کچرا زیادہ  ہوتا ہے۔ نمرہ نے لاپرواہی سے کہا۔

لیکن آج کا معاشرہ سلجھا ہوا اور پڑھا  لکھا  ہے، اس طرح نہیں کرنا چاہیے۔ وہ دیکھو  اس لڑکی نے جوس کا ڈبہ نیچے پھینک دیا، حالاں کہ ڈسٹ بن اس سے تھورےہی فاصلے پر رکھا  ہے۔ اقراء نے حیرت  سے اس لڑکی کو دیکھا۔

چھوڑو بھی اقراء، آؤ وہاں بنچ پر بیٹھتے ہیں۔ اقصیٰ نے اس کا غصہ ٹھنڈا کرنا چاہا۔ کیوں چھوڑوں؟ شکل سے تو پڑھی لکھی لگتی ہے، پر ایسی حرکتیں۔۔۔۔ میں ابھی آتی ہوں۔ یہ کہتے ہی وہ اس لڑکی کی جانب چل دی جو منہ میں جوس کے دوسرے ڈبے کا اسٹرا ڈالے بیٹھے تھی۔

سنیے! یہ جوس کا ڈبہ آپ نے پھینکا ہے نا؟ ابھی اور اسی وقت اس کو اٹھا کر ڈسٹ بن میں پھینکیں۔ اقراء نے ڈسٹ بن کی طرف اشارہ کر کے ذرا اونچی آواز میں کہا تاکہ اردگرد کی لڑکیاں بھی متوجہ ہو جائیں۔

آپ کون ہیں؟ میں نے آپ کو پہچانا نہیں۔ اس لڑکی نے ناک بھوں چڑھایا۔ میں آپ کو یہ بتانے آئی ہوں کہ یہ پارک ہے نا کہ آپ کا ذاتی پلاٹ جو یوں سرعام کچرا پھینک رہی ہیں۔ یہ اتنا سارا کچرا دیکھ رہی ہیں حالاں کہ ڈسٹ بن بھی رکھے گئے ہیں لیکن سستی کہاں جائے۔ جہاں پر کھایا اسی جگہ پر پھینک دیا۔ کیا آپ کو پتا ہے پارک میں جو لوگ کچرا چننے کے لیے  آتے ہیں انہیں آپ کی وجہ سے پریشانی ہوتی ہو گی۔ وہ اپنی عزت نفس پیچھے چھوڑ آتے ہیں اور آپ سے ایک ڈبہ بھی نہیں اٹھایا جا رہا۔ یہ کہتے ہی اقراء نے بسکٹ کے ریپر جوس کے خالی ڈبے اٹھانا شروع کر دیے۔ اسے دیکھ کر کئی لڑکیاں آگے بڑھیں اور کچھ ہی دیر میں پارک صاف ستھرا نظر آنے لگ گیا۔

پیارے بچو! چاہے پارک ہو، گھر  ہو یا سکول، ہمیں کچرا ہمیشہ ڈسٹ بن میں ہی ڈالنا چاہیے اور دوسروں کو بھی کچرا نیچے پھینکنے سے روکنا چاہیے۔

شیئر کریں
1256
17