مصباح الحق (لودھراں)
میں ایک تختی ہوں۔ میری بناوٹ بہت ہی خوب صورت ہے۔ مجھے بنانے کے لیے مضبوط لکڑی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے تک میرا استعمال بہت عام تھا۔ طلبہ سکول میں لکھنا سیکھنے، املاء کی درستی اور اپنی لکھائی کو بہتر کرنے کے لیے میرا استعمال کرتے تھے۔ مجھ پر لکھنے کے لیے قلم اور روشنائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ طلبہ مجھ پر لکھتے تھے اور روز خوشی سے مجھے دھو کر مجھ پر چکنی مٹی لگا کر دھوپ میں سُکھاتے تھے۔ میں بہت خوش ہوا کرتی تھی مگر پھر جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے میرا استعمال ختم ہو گیا ہے۔ اب سکولوں میں میرا استعمال نہیں کروایا جاتا اور اس لیے ہی ان کی لکھائی اچھی نہیں ہوتی۔ مجھے بہت افسوس ہوتا ہے کیونکہ مجھ سے فائدہ نہیں اٹھایا جاتا۔ لوگوں کی سوچ کا زاویہ بدل گیا ہے، اب میری جگہ مہنگی کاپیوں نے لے لی ہے۔ اس وجہ سے بچوں کو بستے میں اضافی بوجھ اٹھانا پڑتا ہے۔ اب بھی وقت ہے خدارا ان مہنگی اور بھاری کاپیوں کو چھوڑ میرا استعمال عام کیا جائے تاکہ نئی نسل کی خوش خطی اور املاء بہتر ہو سکے۔