شعاعِ نور کو اس نے اچھالا ہر طرف ہے
دیا شہرِ مدینہ میں،اجالا ہر طرف ہے
تخیّل میں حقیقت کا بھرا ہے رنگ اس نے
پسِ منظر سے اک منظر نکالا ہر طرف ہے
پڑھایا ہے اسی نے کلمہء توحید ہم کو
بتایا ہے اسی نے حق تعالیٰ ہر طرف ہے
یہ سب فیضان ہے اس کے عمل،اس کی دعا کا
یہ جو انسانیّت کا بول بالا ہر طرف ہے
مکمل کر گیا ہے وہ سبھی کارِ نبوّت
مگر اس کی نبوت کا حوالہ ہر طرف ہے
نشاں موجود ہے اس کا جہاں تک ہے خدائی
نوید ؔاس ذات کی رحمت کا ہالہ ہر طرف ہے
(نوید صدیقی)