محمد عمران (ڈیرہ غازی خان)

میرا نام محمد عمران ہے۔ میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول کوٹ مبارک میں پڑھتا ہوں۔ میرا اسکول تقریباً 56 سالوں سے تعلیم کے شعبے میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ میرے اسکول کا تعلیمی نظام بہت اچھا ہے۔ ہر صبح کلاس شروع ہونے سے قبل ہم اسکول کے پلے گراؤنڈ میں جمع ہو کر تلاوت، درود شریف، دعا اور قومی ترانہ پڑھتے ہیں۔ میں اپنے اسکول میں ششم جماعت کا طالب علم ہوں۔ تعلیم سے لے کر نظم و ضبط تک یہاں کا نظام اتنا اچھا ہےکہ مجھے کبھی دوسرےاسکول میں جانے کا خیال  ہی نہیں آیا۔ میرے اسکول کی نیک نامی میں اضافے کا سہرا ہمارے ہیڈ ماسٹر اور سکول کے تدریسی و غیر  تدریسی سٹاف کو جاتا ہے۔  میرا اسکول دیکھنے میں بہت ہی عمدہ ،پرکشش  اور صاف ستھرالگتا ہے۔ میرے  اسکول میں جماعت ششم  سے لے کر جماعت دہم تک تعلیم دی جاتی ہے۔ اس  میں 10 بڑے کلاس رومز ہیں۔ تمام کمرے اچھی طرح سے ہوادار ہیں۔ تمام کلاس رومز میں ڈیسک  موجود ہیں۔ اس کے علاوہ میرے اسکول میں 5 بیت الخلاء ہیں۔ صرف یہی نہیں میرے اسکول میں  ایک بڑادفتر بھی ہے، جس میں ہمارے ہیڈ ماسٹر اور دیگر غیر تدریسی عملہ اپنے فرائض سرانجام دیتا  ہے۔ میرے اسکول میں ایک لائبریری بھی ہے۔  یہ لائبریری تمام طلباء کے لیے بہت مفید ہے۔  اس میں تقریباً تمام زبانوں کی کتابیں اور رسائل دستیاب ہیں۔ میرے اسکول میں  ہیڈ ماسٹر سمیت 16 اساتذہ ہیں۔ ان سب کے علاوہ اسکول میں خاکروب، نائب قاصد ، مالی  اور ایک سیکورٹی گارڈ ہے۔  طلباء کے لیے میرے اسکول میں ہر سال ششماہی اور سالانہ امتحان ہوتا ہےاور اسی کے ساتھ ہمارے اسکول میں ہفتہ وار ٹیسٹ بھی ہوتا ہے۔ بعض اوقات ہمارے اسکول میں طلباء کی خواہشات کے مطابق اخلاقی تعلیم ، ورزش، مصوری اور موسیقی وغیرہ کے حوالے  سے اضافی کلاسیں بھی لی جاتی ہیں۔ تمام طلباء اپنی تعلیم پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ ہیڈ ماسٹر صاحب اسکول کے تمام کام کو سنبھالتے ہیں۔ ہمارے اساتذہ وقت کی پابندی کرتے ہیں اور باقاعدگی سے ہمیں مختلف مضامین پڑھاتے ہیں۔ تما م اساتذہ نہایت ہی آسان طریقے اور پروجیکٹر  کی مدد سے  پڑھاتے  ہیں۔ بورڈ کے امتحانات میں میرے سکول نتائج بہت اچھے آتے ہیں۔ ان سب کا کریڈٹ میرے اسکول کے ہیڈ ماسٹر صاحب اور تمام اساتذہ کرام کو جاتا ہے۔

شیئر کریں
633
2