مصباح رفیق  (لودھراں)

میرا نام مصباح رفیق ہے۔ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 253 ڈبلیو بی میں جماعت دہم کی طالبہ ہوں۔ میرے سکول کی استانیاں بہت قابل اور محنتی ہیں۔ وہ وقت پر سکول آتی ہیں اور ہمیں بھی وقت پر آنے کی تلقین کرتی ہیں۔ وہ ہمیں بہت اچھے طریقے سے پڑھاتی ہیں۔ میرے سکول بہت صاف ستھرا اور ہرا بھرا ہے۔ اس کی عمارت، بناوٹ اور سجاوٹ بہت عمدہ ہے۔ میرا سکول دسویں تک ہے۔ میری شدید خواہش ہے کہ کاش میرے سکول میں ہائیر سیکنڈری کلاسز بھی ہوتیں تاکہ ہمیں مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے دور دراز شہروں کا سفر نہ کرنا پڑے۔ بدقسمتی سے اہل  علاقہ اپنی بچیوں کو سرکاری سکول کی بجائے قریبی نجی سکولوں میں بھیجتے ہیں۔ حالانکہ وہاں کے اساتذہ بہت کم تعلیم یافتہ ہیں اور سکولوں کا معیار تعلیم بھی اچھا نہیں۔ لوگوں کو اس بات کا احساس تک نہیں ہے کہ وہ اپنی بچیوں کو سرکاری سکول میں داخل کروائیں۔ یہاں کے لوگ اپنی بچیوں کو میٹرک کے بعد شہر میں پڑھنے کے لیے بھیجتے ہیں۔ اگر والدین اپنی بچیوں کو سرکاری سکول میں پڑھنے کے لیے بھیجیں تو ایک دن یہ سکول کم از کم ایسوسی ایٹ کالج کی بنیاد بن سکتا ہے۔ اس طرح والدین اپنی بچیوں کو میٹرک سے آگے پڑھانے کے لیے شہر میں بھیجنے، رکشوں اور بسوں پر دھکے کھانے جیسے مسائل سے بچ سکتے ہیں۔ مجھے ان مسائل کا اندازہ اس لیے بھی ہے کیونکہ میں خود ان مسائل کا شکار ہوں۔ لیکن دکھ اس بات کا ہے کہ اہل علاقہ کو اس حقیقت سے کوئی سروکار نہیں کہ اپنی بچیوں کو نجی سکولوں میں بھیج کر وہ اپنے علاقے اور بچیوں کا کتنا بڑا نقصان کر رہے ہیں۔ اگر لوگ اس بات کو سمجھیں اور اپنے بچیوں کو سرکاری سکول میں بھیجیں تو ہمارا سکول کالج کے درجے پر پہنچ سکتا ہے، جس سے ہمارے گاؤں کا نام بھی روشن ہو گا۔

شیئر کریں
571
3