علی رضا (رحیم یار خان)

گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول حئی سنز کے انتہائی شفیق  استاد ظفر اقبال صاحب اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے۔ کہنے کو تو فقط یہ ایک جملہ ہے مگر میں اور میرے ہم جماعت جو ان سے کئی سالوں سے پڑھ رہے ہیں، انہیں کیسے بھلا سکیں گے۔ سکول کے سٹاف اور طلبہ کی طرف سے ان کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، آئیے! میں آپ کو ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب کا احوال بتاتا ہوں۔ جنوری کی اکیس تاریخ تھی اور ہفتہ کا دن۔ اس دن سکول معمول سے کچھ زیادہ ہی سجا ہوا تھا۔ جوں ہی دس بجے کا وقت ہوا ہمارے ہر دل عزیز استاد ظفر اقبال صاحب اور دوسرے مہمان آنا شروع ہو گئے۔ ہم نے سکول کے مرکزی دروازے پر ان کو خوش آمدید کہا  اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ یہ منظر دیدنی تھا۔ سکول کے ہیڈ ماسٹر عابد رضا صاحب نے دوسرے اساتذہ کرام کے ساتھ مل کر آنے والے مہمانان گرامی کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ سکول کے ایک نسبتاً کشادہ  کمرے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اساتذہ کرام، طلبہ اور آنے والے مہمانان گرامی کی ایک کثیر تعداد وہاں پر موجود تھی۔ تقریب میں نقابت کے فرائض صادق صاحب نے انجام دیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کا شرف جماعت سوئم کے طالب علم جنید علی کو حاصل ہوا۔ بعد ازاں جماعت ہشتم کے طالب علم راشد علی  نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ اس موقع پر ہیڈ ماسٹر عابد رضا صاحب نے اپنے خطاب میں ظفر اقبال صاحب کی سکول کے حوالے سے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ظفر صاحب نے اس سکول میں اپنی ملازمت کا ایک طویل عرصہ گزارا ہے۔ اس دوران پابندی وقت آپ کا شعار رہا۔ آپ نے طلباء اور اساتذہ کرام میں محبت، خلوص اور پیار کے جذبے کو فروغ دیا، جس سے طلباء اور اساتذہ آپ کے مداح رہے۔ آپ ہمیشہ سکول کی تعمیر و ترقی اور بہتری کے لیے کوشاں رہے۔ بعد ازاں اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مرکز چوک نادر شہید سلمان ظفر صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ آخر میں ریٹائرڈ ہونے والے استاد ظفر اقبال صاحب نے اپنے خطاب میں تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سب مہمانوں کی خاطر تواضع کی گئی۔ اس طرح دو گھنٹے تک جاری رہنے والی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ دعا ہے اللہ تعالی ظفر اقبال صاحب کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے اور ان کی زندگی کو خوشیوں سے بھر دے۔ (آمین )

شیئر کریں
91