ان علاقوں میں جہاں شدید گرمی پڑتی ہے، طلبہ کو موسم گرما کی شدت سے بچانے کے لیے گرمیوں کی چھٹیاں دی جاتی ہیں، جو  عموماً دو سے اڑھائی ماہ  پر محیط  ہوتی ہیں۔

آپ گرمیوں کی چھٹیوں کو کس طرح مفید بنا سکتے ہیں، اس حوالے سے ہم کچھ کہنا چاہیں گے۔ آپ آغاز ہی سے ایسا ٹائم ٹیبل بنائیں کہ آپ کا تعلیمی سلسلہ تسلسل سے جاری رہے۔ خاص طور پر ان مضامین پر خصوصی توجہ دیجیے، جن میں آپ نسبتاً کمزور ہیں۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ اپنے من پسند کھیل کھیلیے، کھیل کے لیے صبح یا شام کا وقت مناسب رہے گا تاکہ آپ گرمی کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔

گرمی کی چھٹیوں میں بہت سے بچے سیروتفریح کے لیے شمالی علاقہ جات بھی جاتے ہیں۔ پیارے پاکستان کے حسین  سیاحتی مقامات کی سیر  کے لیے جائیں تو اپنے سفر کی روداد ضرور لکھیے۔ ہم آپ کی روداد کو آپ کے پیارے رسالے روشنی میں نہ صرف  شائع کریں گے بلکہ اس کے ساتھ ایک پیارا سا انعام بھی دیں گے۔

ہم روشنی کو ایک بہترین رسالہ بنانے  کے لیے ہمہ  وقت کوشاں رہتے ہیں۔ آپ کی آراء ہمارے  لیے بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ رسالے کا مطالعہ کرنے کے بعد اس پر رائے ضرور دیا کیجیے۔ آپ روشنی میں مزید کس طرح کی تحریریں پڑھنا چاہتے ہیں، اس بارے میں بھی ہمیں آگاہ کیجیے گا۔

اس دعا کے ساتھ آپ سے اجازت چاہتے ہیں کہ گرمیوں کی تعطیلات آپ سب کے لیے مفید اور کارگر ثابت ہوں اور آپ فرصت کے ان ایام سے خوب فائدہ اٹھائیں۔

شیئر کریں