میری کہانی، میری زبانی

ماریہ نوید(صادق آباد)

میرا نام ماریہ نوید ہے۔ میری عمر چودہ سال ہے اور میں آٹھویں جماعت کی طالبہ ہوں۔ ہم پانچ بہنیں ہیں۔ میں ایک دیہاتی علاقے سے تعلق رکھتی ہوں، جہاں لڑکی کے باہر نکلنے پر پابندی ہوتی ہے لیکن میرے ابا جان نے ہم بہنوں کی پرورش بہت اچھے طریقے سے کی ہے۔ میرے ابا جان شہر میں کام کرتے ہیں جہاں سے وہ مہینے بعد لوٹتے ہیں۔ ان دنوں کے دوران مجھے سکول آنے جانے اور گھر  کے سودا سلف لانے کا بہت مسئلہ رہتا تھا۔ پھر میں نے اپنا سہارا خود بننے کی ہمت اپنے اندر پیدا کی اور موٹرسائیکل چلانے کی ٹھان لی۔ مجھے بہت لوگوں نے روکا اور برا بھلا کہا، کئی رشتہ داروں نے کہا کہ لڑکیاں بس گھر کا کام کرتی اچھی لگتی ہیں۔ لیکن میرے امی، ابو اور میری بڑی بہنوں کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے آج میں ایک اچھی موٹرسا ئیکل ڈرائیور ہوں اور اپنے کام خود کرنے کی ہمت رکھتی ہوں۔ میرے اس اقدام کی وجہ سے میرے محلے کی باقی لڑکیوں میں بھی ہمت آئی اور آج ہم اپنے پاؤں پر کھڑی ہیں۔ وہی لوگ جو پہلے باتیں کرتے تھے، آج ہم پر رشک کرتے ہیں۔

شیئر کریں
1100
13