ندا اسماعیل (مظفرگڑھ)
ٹینکو اور پنکو دو مچھر تھے۔ دونوں دن کے وقت جو ہڑ پر رہتے اور رات کو لوگوں کو کاٹ کر خوش ہوتے۔ دونوں کو چھوٹے بچوں کو کاٹ کر بہت مزاآتا۔ آج ٹینکو اور پنکو دونوں جوہڑپر بیٹھے باتیں کر رہے تھے۔ ٹینکو نے پنکو کو بتایا کہ یہاں جوہڑ کے پاس ایک لڑکا رہتا ہے جس کا نام علی ہے۔ کل میں نے اُسے خوب کاٹا اور آج اسے بخار ہو گیا ہے، آؤ اس کے گھر چلیں اور دیکھیں کہ وہ کیا کر رہا ہے ۔ دونوں نے دھوپ والی عینکیں لگائیں اور علی کے گھر چل دیے۔ جب ٹینکو اور پینکو علی کے گھر پہنچے تو علی کے امی ابو اُسے ڈاکٹر کے پاس لے جا رہے تھے ۔ڈاکٹر صاحب نے علی کو دیکھا اور بتایا کہ علی کو مچھر نے کاٹا ہے اس لیے اِسے بخار ہو گیا ہے۔ یہ سُن کر ٹینکو اور پینکو بہت خوش ہوئے۔ علی کے ابو نے کہا کہ ہمارے گھر کے قریب جوہڑ ہے جس میں مچھر اور مکھیاں رہتی ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب نے بتایا کہ اگر آپ لوگ چاہتےہیں کہ بچے بیمار نہ ہوں تو صفائی کا خاص خیال رکھیں ۔ گھر واپس آ کر علی کے ابو نے جوہڑ کو بند کر دیا یوں ٹینکو اور پنکو اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ پیارے بچو! ہم سب کو چاہیے کہ ہمیشہ صاف ستھرے رہیں اور اپنے گھر کو بھی صاف رکھیں۔