فلک شیر (مظفر گڑھ)

میرا نام فلک شیر ہے اور میں ضلع مظفر گڑھ کی بستی سنکی میں رہتا ہوں۔ ہماری بستی دریائے چناب کے کنارے پر آباد ہے۔ یہ جو واقعہ میں بتانے لگا ہوں یہ میرا اپنا دیکھا ہوا واقعہ ہے۔ دو سال پہلے کی بات ہے کہ دریائے چناب میں سیلاب آیا ہوا تھا۔ اور ہم لوگ خیمے لگا کر سپر پر رہ رہے تھے۔ یہ دن ہمارے لیے بہت ہی مشکل تھے۔ ہم اپنا گھر  بار چھوڑ کر خیمہ بستی میں رہائش پذیر تھے۔ کبھی کوئی کوئی کھانا دے جاتا تھا تو ہم کھا لیتے تھے اور بعض اوقات ہمیں بھوکا بھی رہنا پڑ جاتا تھا۔ اس دوران ہم دیکھتے تھے کہ شہر سے کچھ لوگ وہاں تفریح کی غرض سے آئے ہوئے ہوتے تھے۔ اپنے موبائل فون کے کیمرے سے ہماری تصویریں اور ویڈیو بناتے تھے۔ آپس میں ہنسی مذاق کر تے تھے۔ قہقہے لگاتے تھے۔ انہیں ہماری مصیبت کا ذرا بھی احساس نہیں ہوتا تھا۔ ان کے اس عمل سے ہم کتنے دکھی ہوتے ہیں انہیں کچھ بھی اندازہ نہیں تھا۔ ایک دن ہم نے صبح کا ناشتہ بھی نہیں کیا تھا، دوپہر کا کھانا دینےبھی کوئی نہ آیا، شام ہوئی تو ایک صاحب گاڑی پر بریانی کے پیکٹ لے کر آئے اور انہوں نے وہ پیکٹ ہماری طرف پھینکنے شروع کر دیے اور ایک صاحب ہماری ویڈیو بنانے لگے۔ ہمارے اکثر لوگ تو بھوکے تھے۔ انہوں نے تو اس صاحب کے رویےکو محسوس نہ کیا لیکن میں بہت ہی دکھی ہو گیا۔ ایک تو ہم مصیبت زدہ تھے اور دوسرا اس طرح سے ہماری تضحیک کی جا رہی تھی۔ میری تمام مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ وہ ہماری مدد کریں لیکن اس طرح کریں کہ ہمیں شرمندگی محسوس نہ ہو ۔

شیئر کریں
340