پچھلے سال فروری کی ہی بات ہے جب روشنی میگزین پہلی دفعہ مطبوعہ شکل میں منظر عام پر آیا۔دوسرے لفظوں میں اس نے اپنی عمر کا  ایک سال مکمل کر لیا ہے اور سالگرہ نمبر آج آپ کے ہاتھ میں ہے۔ ہم روشنی کی مجلس  ادارت، اس کے قارئین اور اس سے جڑے ہوئے ہر شخص کو سالگرہ کے اس موقع پر مبارک باد دینا چاہیں گے۔

یہ سال ہمارے لیے جہاں ڈھیروں کامیابیوں کی نوید لے کر آیا، وہاں بہت سے پہلو اب بھی توجہ کے طالب ہیں۔کامیابیوں کی بات اگر کر لیں تو ہم بڑے فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ایک سال سے بھی قلیل عرصہ میں روشنی اشاعت کے اعتبار سے ملک میں بچوں کا سب سے بڑا میگزین بن چکا ہے۔ جہاں تک قابل توجہ پہلوؤں کا تعلق ہے، ہمارے لیے بڑا میگزین ہونے کی نسبت سب سے معیاری میگزین ہونا زیادہ ضروری ہے۔ اس حوالے سے ہم اپنی سی کوشش کر رہے ہیں، اور فیصلہ اب قارئین کے ہاتھ میں ہے۔بہتری کا یہ سفر البتہ ہم آنے والے ایام میں بھی جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر اس امر کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے کہ جن اعلیٰ و ارفع مقاصد کے تحت اس میگزین کا اجراء کیا گیا تھا وہ کس حد تک حاصل ہوئے ہیں۔ آپ کو یاد ہو گا کہ بچوں میں کتب بینی کو متعارف اور اردو کافروغ وہ مقاصد تھے جو  اس کاوش میں ہمارے پیشِ نظر تھے۔ ان مقاصد کے حصول کے لیےروشنی کے مطالعے کی بنیاد پر ہم نے چھَٹی کی سطح پر ایک پورا نظام وضع کیا تھا۔ اب اس نظام پر کس حد تک عمل کیا جا رہا ہے، یہ ہمارے سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ کرام کے ہاتھ میں ہے۔ دعا اور امید ہے کہ وہ ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔

شیئر کریں
144
1