جب یہ شمارہ آپ کے زیر مطالعہ ہو گا، آپ کے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو چکا ہو گا۔ نئی کتابیں، نیا اسکول بیگ، نیا  یونیفارم اور چمکتے ہوئے نئے جوتے آپ کو مل چکے ہوں گے۔ اب آپ تعلیمی اعتبار سے ایک درجہ آگے بڑھ گئے ہیں۔

تعلیمی ادارے دراصل ہنرمند اور تربیت یافتہ افراد بنانے کے مراکز ہیں، یہاں سے فیض یاب ہونے والے طلبہ عملی میدان میں ملک و قوم کی خدمت کرنے  کے جذبے سے سرشار ہوتے ہیں۔

طلباء و طالبات نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے عمل سے گزر کر تربیت کے مراحل طے کرتے ہیں۔ نصابی سرگرمیاں جہاں طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے لیے اہم ہیں، وہیں ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا بھی بے حد ضروری ہے۔ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ میں خوداعتمادی پیدا کرتی ہیں اور انھیں دوسروں کے سامنے اپنا مافی الضمیر بیان کرنے کے قابل بناتی ہیں۔ یہ تربیت طلبہ کو عملی میدان میں بہت فائدہ دیتی  ہے۔

آپ سب کو ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ  لینا چاہیے۔ اپنی پسند کے ایک شعبہ کا انتخاب کر لیجیے۔ تقریر، تحریر اور مصوری کے ساتھ ساتھ کسی کھیل میں حصہ  لے کر آپ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور انداز میں اظہار کر  سکتے ہیں۔

آپ میں تخلیقی جوہر ہیں تو اس کے موثر اظہار کے لیے ماہنامہ روشنی میگزین کے صفحات حاضر ہیں۔ ہم آپ کی تحریریں نہ صرف نہایت اہتمام سے شائع کریں  گے بلکہ آپ کو انعامات بھی دیں  گے۔ اپنی تحریر کی اپنے اساتذہ سے ضرور اصلاح کروائیے، یوں رفتہ رفتہ آپ کی تحریر میں نکھار  پیدا ہو جائے گا اور آپ ہر موضوع پر باآسانی لکھ  پائیں  گے۔ ہمیں آپ کی رنگارنگ تحریروں کا شدت سے انتظار رہے گا۔

شیئر کریں