پیارے بچو! مئی کا شمارہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔ مئی کا پہلا دن مزدوروں کے نام منسوب ہے، یوم مزدور کہلاتا ہے۔ انیسویں صدی کے اواخر میں مزدوروں کے حقوق کے لیے امریکا میں چلنے والی تحریک کی یاد دلاتا ہے کہ جس کے دوران شکاگو کے شہر میں بہت خوں ریزی بھی ہوئی۔ مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے ہمارے قومی شاعر علامہ اقبال کا یہ شعر بھی بہت برمحل ہے کہ

تو قادر و عادل ہے مگر تیرے جہاں میں

ہیں تلخ بہت بندہ مزدور کے اوقات

اپنے آس پاس جھانکیے گا، بندہ مزدور کے اوقات آپ بہت تلخ پائیں گے۔ آپ میں سے بہت سوں نے تو رمضان  کے مہینے میں روزے بھی رکھے ہوں گے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ روزوں نے آپ کو صحیح معنوں میں غریبوں کی تنگ دستی اور بھوک سے بھی روشناس کروایا ہو گا، اور آپ میں ہمدردی اور غم گساری کے جذبات کو فروغ دیا ہو گا۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو رمضان کے فیوض سے آپ پوری طرح مستفید نہیں ہو سکے شاید۔

جب یہ شمارہ آپ کے ہاتھوں میں پہنچے گا، آپ میٹھی عید کی تیاریوں میں مصروف ہوں گے۔ عیدالفطر کے موقع پر ان بچوں کو ہرگز مت بھولیے گا جو غریب یا یتیم ہیں اور عید پر نئے کپڑے، جوتے وغیرہ خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ اگر آپ اپنی جیب خرچ سے ان بچوں کی مدد کریں تو ان کی عید کی خوشیاں بھی دوبالا ہو جائیں گی۔

مئی کا مہینہ ہمارے بہت سے بچوں کے لیے سالانہ امتحانات کے انعقاد کا مہینہ بھی ہے۔ زور وشور سے امتحانات کی تیاری بھی آج کل  جاری  و ساری ہو گی۔  دھیان رہے محض اسباق تیار کر لینا ہی امتحانات میں کامیابی کے لیے کافی نہ ہو گا۔ اپنے معلم یا کسی اور تجربہ کار شخص سے یاد کیے ہوئے اسباق کو امتحان میں ممتحن کے لیے بہترین انداز میں پیش کرنے کے گُر بھی پوچھیے گا۔ اور ہاں، امتحانات کے دن مشکل سہی لیکن ان کے اس پار گرمیوں کی چھٹیاں اور نئی جماعتوں میں جانے کی خوشیاں بھی تو آپ کی منتظر ہیں۔ ہم بھی آپ کے لیے دعاگو رہیں گے۔

شیئر کریں
314
4