محمد عمران  (ڈیرہ  غازی  خان)

میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول کوٹ مبارک میں پڑھتا ہوں۔ یہ علاقےکے قدیم سکولوں میں سے ایک ہے ۔  ہمارا سکول تقریباً 56 سالوں سے تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ میرے سکول کا تعلیمی نظام بہت اچھا ہے۔ میرا سکول صبح 7 بجے سے دوپہر 30: 12 تک چلتا ہے۔ کلاس شروع ہونے سے پہلے ہم سب طلباء سکول کے پلے گراؤنڈ میں خدا سے دعا کرتے ہیں۔ میں اپنے  سکول میں ششم جماعت کا طالب علم ہوں۔ یہاں تعلیم سے لے کر نظم و ضبط کا نظام بہت ہی اچھا ہے ۔ آج تک ہم نے اپنے سکول میں کسی بھی چیز کی کمی محسوس نہیں کی۔ اسی طرح میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میرے سکول کی تعلیم سے لے کر اس کے سسٹم تک یہ اتنا اچھا ہے کی کسی کو کبھی بھی اس کی خامیوں یا کمزوریوں کو جاننے کا موقع نہیں ملا۔  ہمارے سکول کی قدر ومنزلت میں اضافے کا سہرا میرے سکول کے ہیڈ ماسٹر اور سکول میں کام کرنے والے تمام عملے کو جاتا ہے۔  میرا سکول دیکھنے میں بہت ہی عمدہ اور پرکشش لگتا ہے۔ میرے سکول میں جماعت ششم  سے لے کر جماعت دہم تک تعلیم دی جاتی ہے۔ میرے سکول  میں  دس بڑے کلاس رومز ہیں، تمام کمرے ہوادار ہیں۔ ہر کلاس روم میں تقریباً  بنچ  اور ڈیسک موجود ہیں۔ اس کے علاوہ میرے سکول میں  پانچ بیت الخلا ہیں۔صرف یہی نہیں میرے سکول میں دو بڑے دفاتربھی ہیں، جس میں ہمارے ہیڈ ماسٹر صاحب اور کلریکل سٹاف دفتری امور سرانجام دیتے   ہیں۔  میرے سکول میں ایک لائبریری بھی ہے،  یہ لائبریری تمام طلباء کے لیے بہت مفید ہے۔ اس میں تقریباً تمام زبانوں کی کتابیں اور رسائل دستیاب ہیں۔ میرے سکول میں  ہیڈماسٹر صاحب کے علاوہ  پندرہ اساتذہ ہیں۔  ان سب کے علاوہ سکول میں خاکروب، نائب قاصد ، مالی  اور ایک سیکورٹی گارڈبھی  ہے۔ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے لیے میرے سکول میں ہر سال ششماہی اور سالانہ امتحان ہوتا ہےاور اسی کے ساتھ ہمارے سکول میں ہفتہ واربنیادوں پر ٹیسٹ بھی ہوتا ہے۔ بعض اوقات ہمارے سکول میں طلباء کی خواہشات کے مطابق خصوصی کلاسز کا  اہتمام  بھی کیا جاتا ہے، مثال کے طور پر اخلاقی تعلیم،  ورزش ،  مصوری اور موسیقی وغیرہ۔ تمام طلباء اپنی تعلیم پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ ہمارے ہیڈ ماسٹر صاحب سکول کے تمام امور کو دیکھتے ہیں۔ہمارے اساتذہ اپنے وقت پر سکول آتے ہیں اور باقاعدگی سے ہمیں مختلف مضامین پڑھاتے ہیں۔ اساتذہ نہایت ہی آسان طریقے سے اپنے موضوعات  طلباء کو بیان کرتے ہیں۔ ہمارے سکول میں طلباء کو پروجیکٹر پر بھی پڑھایا جاتا ہے۔ بورڈ کے امتحانات میں ہمارے سکول کے  طلباء کے نتائج بہت اچھے ہیں اور اس سب کا کریڈٹ ہمارے سکول کے ہیڈ ماسٹر اور تمام اساتذہ کو جاتا ہے۔

شیئر کریں
12
3