موسم گرما کی تعطیلات کے بعد، تعلیمی ادارے اگست کے وسط میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ آپ نے یہ چھٹیاں مؤثر انداز میں گزاری ہوں گی۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا ہو گا۔ اگر کچھ دوست ایسا نہیں کر سکے تو انھیں چاہیے کہ اب ابتدا ہی سے تعلیم پر توجہ دیں۔ جن مضامین میں کمزور ہیں، ان میں پہلے سے زیادہ محنت کریں اور اس حوالےسے اپنے اساتذہ سے مدد لیں۔
ہم نصابی سرگرمیاں طلبا وطالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ آپ بھی کسی سرگرمی تقریر، کہانی و مضمون نویسی، خطاطی، ڈرائنگ، کرافٹنگ اور فوٹوگرافی وغیرہ میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں۔ تحریری مشق کے لیے روشنی کے صفحات حاضر ہیں۔ جو دیکھیں، جو محسوس کریں، اُسے تحریر کی صورت میں صفحہ پر لکھیں۔ تحریر پہلے اپنے اساتذہ کو دکھا دیجیے۔ پھر ہمیں بذریعہ ای میل یا ڈاک کے ذریعے بھجوا دیں۔ قابلِ اشاعت ہونے کی صورت میں، ہم اسے روشنی کے صفحات کی زینت بنائیں گے۔
اگست ہی کے مہینے میں ہم اپنے پیارے ملک پاکستان کا جشن آزادی بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ اس سال یہ 76واں یوم آزادی ہے۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانا چاہیے کہ اُس نے ہمیں آزادی کی نعمت عطا فرمائی۔ پاکستان کے استحکام کے لیے ہم سب کو اپنے اپنے شعبے میں سخت محنت کرنا ہو گی۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو تا قیامت شاد و آباد رکھے۔ آمین
روشنی خود پڑھیے اور دوسروں کو بھی اس کو پڑھنے کی ترغیب دیجیے۔ یوں روشنی کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔آپ کو اپنے من پسند رسالے میں کیا اچھا لگا اور کیا اچھا نہیں لگا؟ مکمل تبصرہ کے ساتھ اپنی رائے کا اظہار کیجیے گا۔ ہمیں آپ کی آراء کا انتظار رہے گا۔

ماہنامہ روشنی میگزین، ماہ اگست/ ستمبر 2023ء کا اداریہ