پیارے بچو! امید ہے کہ آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ روشنی میگزین کا چھٹا شمارہ ایک نئے جوش اور عزم کے  ساتھ حاضر ہے۔ زندگی میں کسی کام کا آغاز بہت مشکل ہوتا ہے۔ ہمارے بہت  سے کام محض اس وجہ سے حقیقت کا روپ نہیں دھارتے کیونکہ ہم اس کا آغاز ہی نہیں کر پاتے۔ کسی سیانے کا قول ہے کہ  آدھا سفر  تو پہلا قدم اٹھانے سے ہی طے ہو جاتا ہے۔ اسی بارے میں قائد اعظم محمد علی جناح کا ایک فرمان بھی ہماری خوب رہنمائی کرتا ہے کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے  سے پہلے  سو مرتبہ سوچیں  اور جب ایک بار فیصلہ کر لیں تو اس پر ڈٹ جائیں، یعنی اسے اپنی محنت، کوشش اور مستقل مزاجی  سے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیں۔

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے  نئی  نسل کی شخصیت سازی اور کردار کی تعمیرکے لیے  چھ ماہ  قبل روشنی میگزین کی شکل میں عمل کی جانب پہلا قدم اٹھایا اور پاکستان میں بچوں کے پہلے ڈیجیٹل میگزین کی بنیاد رکھی، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور آپ سب کی دعاؤں سے ہمارا یہ پہلا قدم آن لائن سے بڑھ  کر طباعتی طور پر  بھی میگزین کی شکل میں اب آپ کے ہاتھوں کی زینت بن سکے  گا۔ کامیابی و کامرانی کا یہ احساس ہمارے ساتھ ساتھ یقیناً آپ کے دلوں کو بھی احساس طمانیت  بخشے گا۔

عزیز طلبہ!  آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، اسی لیے آپ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ اپنے کردار کی بلندی، فراخ دلی اور دوسروں سے حسن سلوک کے ذریعے اپنے معاشرے کو امن و سلامتی  اور رواداری کا گہوارہ بنائیں۔ روشنی میگزین اس سلسلے میں ہمیشہ آپ کے ہم رکاب ہے۔

 فروری کا مہینہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے  جانا جاتاہے، پاکستان بطور ریاست  یہ عزم کیے  ہوئے ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کی نہ صرف بھرپور مذمت کرتا  رہے گا بلکہ مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق حل کے لیے بھی عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنے سے پیچھے نہیں رہے گا۔  فروری ہی کے مہینے میں ارفع کریم کی پیدائش ہوئی۔ اس نے محض نو برس کی عمر میں سب سے بڑی سو فٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ کا آئی ٹی امتحان پاس کر کے  دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، حقیتاً وہ قوم کی ایک ایسی بیٹی تھی جو روشن مستقبل کی اُمید اور عزم و ہمت کا استعارہ تھی۔فروری کا یہ شمارہ ارفع کریم سے منسوب ہے۔

اس ماہ کا رسالہ پڑھیے اور اپنی قیمتی  آراء وتجاویز سے آگاہ کیجیے۔

خوش رہیں، خوشیاں  بانٹیں۔ پڑھیں اور پڑھائیں۔ علم اور کامیابی کی روشنی آپ کا مقدر بنے۔

شیئر کریں
194
2