حجاب فخری (وہاڑی)
میں ایک درخت ہوں۔ جس طرح اللہ تعالیٰ نے آپ کو بہت سی نعمتیں عطا کی ہیں اسی طرح اللہ تعالیٰ نے مجھے بھی آپ کی خدمت پر مامور کیا ہے۔ لوگ مجھے بے جان کہتے ہیں مگر ایسا ہرگز نہیں ہے۔ میں نہ صرف جان دار ہوں اور سانس لیتا ہوں بلکہ میں سانس لینے میں بھی آپ کی مدد کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ کی قدرت کا شاہکار ہوں۔ آپ تو جانتے ہی ہیں کہ کس طرح میری ایک چھوٹے سے بیج سے پیدائش ہوتی ہے پھر جب میں ننھا منھا سا ہوتا ہوں تو زمین کو پھاڑ کر باہر نکلتا ہوں۔ اور پھر میں بڑا ہوتا ہوتا ایک بڑا درخت بن جاتا ہوں۔ یہ بات ٹھیک ہے کہ میں دوسرے جان داروں مثلاٌ گائے، بکری، اونٹ وغیرہ کی طرح دوڑتا بھاگتا نہیں ہوں مگر اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ میں نکما اور بے کار ہوں۔ میں گرمی کے موسم میں آپ کے لیے چھاؤں کا انتظام کرتا ہوں۔ سخت گرمی میں جب آپ کو جائے پناہ نہیں ملتی تو آپ میرے سائے میں آ کر بیٹھتے ہیں۔ میں آپ کے لیے ہر موسم کے پھل اور میوے لے کر آتا ہوں مثلاٌ آم، امرود، مالٹے اور خوبانی وغیرہ۔ یہ پھل نہ صرف ذائقے دار بلکہ صحت بخش بھی ہوتے ہیں۔ میں آپ کو بعض ایسے بھی پھل دیتا ہوں جو اگر آپ ایک مرتبہ خرید لیں تو مہینوں تک ان کے خراب ہونے کا خطرہ نہیں ہوتا۔ آپ تو جانتے ہی ہیں کہ ایسے کون سے پھل ہیں ارے آپ نہیں جانتے؟ چلیں میں آپ کو بتاتا ہوں۔ ارے بھئی آپ جو بادام ، پستہ، اخروٹ وغیرہ کھاتے ہیں یہ بھی تو میں ہی آپ کو دیتا ہوں۔ اس کے علاوہ آپ کے گھر میں جو کرسیاں، میز، دروازے اور کھڑکیاں وغیرہ ہوتی ہیں یہ کس چیز سے بنتی ہیں؟ جی یہ بھی میری ہی لکڑی سے بنتی ہیں۔ میری لکڑی سے آپ کی ضرورت کی کئی اشیاء بنتی ہیں۔ اس کے علاوہ میری لکڑی جلانے کے کام بھی آتی ہے میری وجہ سے ہی زمین پر ہریالی اور خوب صورتی ہے جس جگہ میری کثرت ہوتی ہےوہاں کا ماحول خوب صورت اور معتدل ہوتا ہے۔ لیکن مجھے آپ سے بہت ہی شکایتیں ہیں۔ آپ ہمارے پتوں کو نوچتے ہیں اس سے ہمیں بہت تکلیف ہوتی ہے۔ آپ ہمارے ننھے منے بچوں کو کھیل ہی کھیل میں زمین سے اکھاڑ دیتے ہیں۔ اس سے ہمیں کتنی تکلیف ہوتی ہے، اس کا اندازہ آپ بھی نہیں لگا سکتے۔ پیارے بچو! آپ کو ہماری دیکھ بھال کرنی چاہیے اور ہمارا خیال رکھنا چاہیے ۔